کابینہ میں خاتون وزیر کو شامل نہ کرنے پر کشن ریڈی کا دلچسپ ردعمل
حیدرآباد۔/20 فروری، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ میں بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے چیف منسٹر پر اپنی کابینہ میں خاتون ارکان کو شامل نہ کرنے پر سخت تنقید کی اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی جی کشن ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حتیٰ کہ اسلامی ممالک میں بھی خاتون وزراء ہیں لیکن تلنگانہ کومکمل خاتون وزیر سے محروم رکھا گیا ہے۔ کے چندر شیکھر راؤ نے جو عوام میں کے سی آر کے نام سے معروف ہیں اپنی دو رکنی کابینہ میں منگل کو توسیع کرتے ہوئے 10 ارکان کو شامل کیا تھا۔ لیکن ان میں ایک بھی خاتون کو شامل نہیں کیا گیا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ راؤ کی پہلی کابینہ میں بھی کوئی خاتون وزیر نہیں تھیں’’ حتیٰ کہ اسلامی ملکوں میں بھی خاتون وزراء ہیں لیکن ہماری ریاست میں کوئی خاتون وزیر نہیں ہے ‘‘۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بشمول خواتین عوام یہ توقع کررہے تھے کہ کے سی آر کم سے کم اس مرتبہ کسی خاتون کو وزیر بنائیں گے۔ یہ بدبختی ہے کہ کوئی خاتون وزیر نہیں ہے۔ کشن ریڈی نے برجستہ کہا کہ ( خواتین ) کے تئیں ناروا رویہ کیوں ہے میں’ شی ٹیم ‘ سے درخواست کرتا ہوں کہ خواتین کے ساتھ کی گئی اس ناانصافی پر کے سی آر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ یہ تلنگانہ خواتین کی توہین ہے۔