حیدرآباد 7 ڈسمبر ( این ایس ایس ) بی جے پی قائدین کے ایک وفد نے این اندرسین ریڈی کی قیادت میں ٹی آر ایس صدر و کارگذار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے اور الزام عائد کیا کہ انہوں نے چنتامڈاکا گاوں میں اپنا ووٹ استعمال کرنے کے بعد بوتھ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے ۔ رجت کمار سے ملاقات کرتے ہوئے بی جے پی نے کہا کہ کے سی آر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ٹی آر ایس کو عوامی تائید حاصل ہے اور وہ شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔ بی جے پی کا دعوی ہے کہ یہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے اور اس کے ذریعہ رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی ہے ۔ پارٹی نے کے سی آر کو نا اہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔