حیدرآباد ۔6 ۔مئی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل راجیشور راؤ نے کے سی آر کے افراد خاندان پر کانگریس قائد محمد علی شبیر کی تنقیدوں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے کے سی آر کے ارکان خاندان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کے سی آر کے افراد خاندان عوام کے منتخبہ نمائندے ہیں اور وہ عوام کی خدمات میں مصروف ہیں۔ حکومت کے فیصلوں میں افراد خاندان کی مداخلت یا ان پر بے قاعدگیوں میں ملوث ہونے کے الزامات مضحکہ خیز ہیں۔ راجیشور راؤ نے کہا کہ محمد علی شبیر اور دیگر کانگریسی قائدین کو چیف منسٹر کے ارکان خاندان پر تنقید کا کوئی حق نہیں پہنچتا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے ارکان خاندان نے تلنگانہ جدوجہد میں سرگرمی سے حصہ لیا تھا۔ لہذا انہیں عوامی مسائل سے بھرپور واقفیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اسکیمات میں ان قائدین کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل حکومت کا مقصد ہے اور اس مقصد کی تکمیل کیلئے کے سی آر سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں ترقی اور فلاحی اقدامات کو نظر انداز کردیا گیا تھا۔