حیدرآباد۔/22 جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے راج بھون میں ملاقات کی۔ حکومت کی جانب سے 15 اگسٹ کو ریاست کے عوام کیلئے مفت آنکھوں کے معائنہ کا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ ریاست بھر میں اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے حکومت تیاریاں کرچکی ہے۔ گورنر سے ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے اس پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے جاری ہریتا ہارم پروگرام کے مثبت نتائج سے بھی گورنر کو واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے گورنر کو مفت آنکھوں کے معائنہ کے آغاز کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر نے ریاست کی تازہ ترین صورتحال پر بھی گورنر سے تبادلہ خیال کیا۔ پارلیمنٹ میں مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد ریاست اور ملک میں پیدا شدہ سیاسی صورتحال پر بھی دونوں قائدین کے درمیان بات چیت کی اطلاعات ملی ہیں۔ چیف منسٹر نے آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے تحت ریاست کو حاصل ہونے والے فنڈز اور دیگر فوائد کے سلسلہ میں گورنر سے بات چیت کی۔چیف منسٹر نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس ٹی بی رادھا کرشنن سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر خیرسگالی ملاقات کی۔