کے سی آر کی مرکزی وزیر دفاع سے ملاقات

سیکریٹریٹ کیلئے جمخانہ گراؤنڈ اور بائسن پولو گراؤنڈ کی اراضی حوالے کرنے کی خواہش

حیدرآباد۔ 7 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اپنے قیام دہلی کے موقع پر مرکزی وزیر دفاع مسٹر منوہر پاریکر سے ملاقات کی اور زائد از نصف گھنٹہ تک بات چیت کی اور اس بات چیت کے دوران چیف منسٹر نے کنٹونمنٹ اراضیات کی منتقلی کے ساتھ ساتھ متعدد اُمور پر مسٹر منوہر پاریکر سے بات چیت کی۔ دہلی سے موصولہ اطلاع میں یہ بات بتائی گئی۔ مرکزی وزیر دفاع سے چیف منسٹر کی بات چیت کا اختتام ہونے کے فوری بعد ارکان پارلیمان ٹی آر ایس مسرز ونود کمار اور جیتندر ریڈی نے بات چیت کی تفصیلات سے اخباری نمائندوں کو واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں نئی سیکریٹریٹ عمارت کی تعمیر کیلئے جم خانہ گراؤنڈ واقع سکندرآباد اور بائسن پولو گراؤنڈ (Bison Polo Ground) کی اراضی کو حکومت کے حوالے کرنے کی خواہش کی جس پر پاریکر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ ان ارکان پارلیمان نے بتایا کہ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ ان کی حکومت مذکورہ اراضی کے عوض کوئی اور متبادل اراضی فراہم کرے گی جس پر مرکزی وزیر دفاع نے بہت جلد محکمہ دفاع کے اعلیٰ عہدیداروں سے مذکورہ اراضیات کا جائزہ لینے کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر دفاع سے ریاست تلنگانہ کیلئے دو نئے سینک اسکولس کا قیام عمل میں لانے کی خواہش کی۔ علاوہ ازیں کریم نگر۔ میدک قومی شاہ راہ کی توسیع کے منصوبہ پر عمل آوری کرنے کیلئے ڈیفنس اراضیات دینے کی بھی مرکزی وزیر دفاع سے اپیل کی۔ ارکان پارلیمان نے مزید کہا کہ چیف منسٹر نے مسٹر منوہر پاریکر سے ایلم پلی سے گوداوری کے پانی کو شہر پہونچانے کیلئے کنٹونمنٹ علاقہ سے پائپ لائینس کی تنصیب عمل میں لانے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔