کے سی آر کی فرقہ پرست مودی سے میچ فکسنگ

ٹی آر ایس سربراہ ’ سرکس کے جوکر ‘ ۔ ڈی کے ارونا کا خطاب
حیدرآباد۔ 4 اکتوبر (سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد ڈی کے ارونا نے کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کو ’سرکس کا جوکر‘ قرار دیا۔ پارٹی قائدین و کارکنوں کو دھمکانے پر چمڑی اُدھیڑ دینے کا انتباہ دیا۔ گدوال میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈی کے ارونا نے کہا کہ راہول گاندھی کے دورے کے بعد کے سی آر اور ٹی آر ایس بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے اور کانگریس کے خلاف غیرپارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر فرقہ پرست مودی سے ’میچ فکسنگ‘ کرچکے ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے کے سی آر کے وعدوں پر بھروسہ نہ کرنے کی اپیل کی۔ ڈی کے ارونا نے کہا کہ گدوال سے کانگریس کی جیت کا آغاز ہوگا ۔ کے سی آر کو تلنگانہ سے کوئی ہمدردی ہے نہ محبت ۔چندرا بابو نائیڈو کابینہ میں شامل نہ کرنے پر تلنگانہ تحریک شروع کی اور ذاتی مفادات کیلئے طلبہ و نوجوانوں کو قربانیاں دینے مجبور کیا۔ علیحدہ تلنگانہ تشکیل دینے پر ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرنے کا وعدہ کرکے سونیا گاندھی کو دھوکہ دیا۔ تلنگانہ کا پہلا چیف منسٹر دلت کو بنانے کا وعدہ کرکے دلتوں کو دھوکہ دیا ۔ ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہونے پر مسلمانوں اور قبائیلی طبقات کو 12% تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کرکے دونوں طبقات کو دھوکہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی زندگی جھوٹ و فریب سے بھری ہوئی ہے، انہوں نے عوام سے ٹی آر ایس کو شکست دینے اور کانگریس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔