کے سی آر کی غلط حکمرانی سے تلنگانہ کی نیک نامی متاثر

ارکان اسمبلی کو انحراف پر اُکسانے سے کے سی آر کو دلچسپی: تلگودیشم
حیدرآباد۔/15اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے آج ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر سخت تنقید کی اور ریاست میں چار ماہ سے جاری ان ( کے سی آر ) کی حکمرانی پر رپورٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے ارکان اسمبلی ای دیاکر راؤ اور ایل رمنا نے چیف منسٹر کے دورہ دہلی پر حیرت کا اظہار کیا اور استفسار کیا کہ انہوں نے اپنے تین روزہ دورہ دہلی کے دوران آخر کیا حاصل کیا۔ ارکان اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر ریاست پر حکمرانی سے کہیں زیادہ دیگر جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو انحراف کی ترغیب دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ دیاکر راؤ اور رمنا نے چیف منسٹر تلنگانہ کے ان دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ نئی ریاست کو سنہرا تلنگانہ بنایا جائے گا اور کہا کہ درحقیقت چیف منسٹر کے سی آر کی نااہلی اور غلط حکمرانی کے سبب برقی قلت اور کٹوتی کے سبب تلنگانہ بدنام ہورہا ہے۔ تلگودیشم ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر سے کل جماعتی اجلاس اور اسمبلی سیشن طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے مختلف پراجکٹوں کو ختم اور شروع کئے جانے کے علاوہ دیگر بدعنوانیوں کو بے نقاب کریں گے۔