حیدرآباد۔27 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے آج نئی دہلی میں پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور سینئر قائدین کے ہمراہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔ صدر جمہوریہ کے عہدے کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد رام ناتھ کووند سے یہ پہلی خیرسگالی ملاقات تھی۔ چیف منسٹر نے رام ناتھ کووند کو ملک کے جلیل القدر عہدے کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ صدارتی انتخاب میں ان کی امیدواری کی ٹی آر ایس کی جانب سے تائید پر رام ناتھ کووند نے کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے کے ہمراہ ارکان پارلیمنٹ جتیندر ریڈی، ونود کمار، کے کویتا، لکشمی کانت رائو، سکھیندر ریڈی، جی نگیش، بی سمن، بھیم رائو پاٹل، کے پربھاکر ریڈی، وشویشور ریڈی، بی نرسیا گوڑ، سیتارام نائک، سابق وزیر جی ویویک، سابق رکن پارلیمنٹ جی ونود، ریاستی وزیر برقی جگدیشور ریڈی، نئی دہلی میں تلنگانہ کے نامائندے وینوگوپال چاری اور دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں حکومت کے اقدامات کی تفصیلات بیان کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینوگوپال چاری نے کہا کہ تلنگانہ میں جی ڈی پی کی شرح 21.5 فیصد ہے جو ملک کی تمام ریاستوں میں سب سے زائد ہے۔ چھتیس گڑھ 10.2 فیصد کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے بہترین نظم و نسق فراہم کیا ہے۔ صدرجمہوریہ کو حکومت کی کارکردگی سے واقف کرایا گیا۔ مشن بھگیرتا، مشن کاکتیہ اور دیگر اسکیمات سے رام ناتھ کووند کو آگاہ کیا گیا۔