کے سی آر کی سالگرہ کے موقع پر نابینا بچوں کے لیے ظہرانہ

حیدرآباد۔17فبروری(سیاست نیوز) دنیا کے تمام مذاہب میں انسانیت کی خدمت کی تعلیم دی گئی ہے اور انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو ہی دنیا او رآخرت میں سرخروئی نصیب ہوتی ہے۔چیف منسٹر تلنگانہ ریاست وٹی آر ایس پارٹی سربراہ مسٹر کے چندرشیکھر رائو کی61ویں سالگرہ کے موقع پر ٹی آر ایس بیگم پیٹ ڈویثرن کی جانب سے ڈینوار اسکول فار بلائینڈ میںنابینا بچوں کے لئے کئے گئے ظہرانہ کے موقع پر نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے یہ بات کہی۔ جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ معاشی طور پر پسماندہ طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے تلنگانہ کی حکومت کی جانب سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیںجس کا مقصد ہی بلاتفریق ذات پات اور مذہب انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جسمانی معذورین کے لئے پندرہ سو روپئے کاوظیفہ جاری کرتے ہوئے وزیراعلی مسٹر کے چندرشیکھر رائو نے جسمانی معذورین کے تئیںتلنگانہ حکومت کی سونچ واضح کی ہے۔ جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ حکومت تلنگانہ جسمانی معذورین کو خصوصی رعایتیں اور تحفظات فراہم کرنے کے متعلق بھی منصوبہ تیار کررہی ہے انہوں نے جسمانی معذورین کو آبادی کے تناسب سے تحفظا ت اور مرعات فراہم کرنے کے متعلق حکومت تلنگانہ کے منصوبے پر بھی روشنی ڈالی اور کہاکہ برقی اور آبرسانی کے بلز میں جسمانی معذورین کو پچاس فیصد تک کی رعایت فراہم کی جائے گی۔