کے سی آر کی دہلی سے واپسی کے ساتھ تلنگانہ میں تمام سیاسی جماعتیں سرگرم

قبل ازوقت انتخابات کی قیاس آرائیوں میں شدت، حکمراں اور اپوزیشن جماعتیں عملاً تیار ، مفاہمت اور انتخابی حکمت عملی پر توجہ

حیدرآباد ۔ 27 اگست ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کے درمیان اپنا سہ روزہ دورہ دہلی مکمل کر کے آج شام حیدرآباد پہنچ گئے ۔ آج کل میں کسی بھی وقت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوسکتا ہے ۔ کانگریس کے اہم قائدین آج شام ہوٹل گولکنڈہ میں ایمرجنسی اجلاس منعقد کرتے ہوئے تازہ سیاسی حالت کا جائزہ لیا ہے ۔ ایڈوکیٹ جنرل نے اسمبلی سکریٹری سے ملاقات کی ۔ تلنگانہ سی پی ایم کے سکریٹری ٹی ویرا بھدرم نے جنا سینا پارٹی کے صدر پون کلیان کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں سیاسی اتحاد کرنے کا پیشکش کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کا دہلی دورہ کامیاب رہا ہے ، نئے زونل سسٹم کی فائیل پر وزیراعظم نریندر مودی نے دستخط کردی ہے اور فائیل کو وزارت داخلہ نے راشٹرا پتی بھون کو روانہ کردیا ہے ۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی دستخط کے بعد ایک دو دن میں گزٹ اعلامیہ جاری کردیا جائے گا ۔ ریاست میں قبل از وقت انتخابات کی سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں ۔ پرنسپال سکریٹری ادھر سنہا نے آج کل میں کابینہ کا اجلاس طلب کرنے کیلئے تمام محکمہ جات کو تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ سمجھا جارہا ہیکہ اجلاس میں انتخابی شیڈول جاری ہوے سے قبل کئے جانے والے فیصلوں پر غور کیا جائے گا ۔ اہم اسکیمات اور بلز کو منظوری دینے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ 2ستمبر کو ٹی آر ایس بہت بڑا جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے سارے ملک کو اپنی طاقت بتانے کی کوشش کررہی ہے ۔ ساتھ ہی چیف منسٹر قبل از وقت انتخابات کرانے کے بارے میں کوئی واضح اشارہ دے سکتے ہیں ۔ ستمبر کے پہلے ہفتہ میں مختصر سا اسمبلی اجلاس منعقد کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے جس میں اہم بلز کو منظوری دی جائے گی ۔ اگر اسمبلی تحصیل کرنے کا قطعی فیصلہ کیا جاتا ہے تو اس سے قبل کابینہ کا ایمرجنسی اجلاس طلب کرتیہ وئے فیصلہ کیا جائے گا ۔ ریاست میں انتخابی سرگرمیوں کے دوران حکومت 8 تا 10 کلکٹرس کے علاوہ بڑے پیمانہ پر ایس پیز اور کمشنرس کے تبادلے کرنے کی تیاریاں کررہی ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ چیف منسٹر دفتر نے آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے سے متعلق فائیل تیار کرلی ہے ، صرف اس پر چیف منسٹر کے دستخط ہونا باقی ہے ۔ قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کے درمیان اے آئی سی سی کے سکریٹری انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور آر سی کنٹیا آج شام حیدرآباد پہنچ گئے ۔ انہوںنے ہوٹل گولکنڈہ میں کانگریس کے اہم قائدین کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی ، قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی ) ، محمد علی شبیر ( کونسل ) کانگریس کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ قبل از وقت انتخابات کا جائزہ لینے کیلئے 28اگست کو گاندھی بھون میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کا اجلاس طلب کیا گیا جس میں تمام اضلاع و سٹی کانگریس کے صدور کے علاوہ پارٹی کے محاذی تنطیموں کے صدور کو بھی شرکت کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ تلنگانہ سی پی ایم کے سکریٹری ٹی ویرا بھدرم نے فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والے پون کلیان کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں ان کی سیاسی جماعت جنا سینا پارٹی سے سیاسی اتحاد کرنے کا پیشکش کیا ہے ۔ دوسری طرف تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈارام نے ریاست میں کسی سے اتحاد کرے بغیر تنہا مقابلہ کرنے اور ممکن ہوسکے تو آئندہ ماہ ستمبر کے آخر تک مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے پر غور کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ٹی آر ایس کے قائدین میں قبل از وقت انتخابات کو لیکر کافی جوش و خروش پایا جارہا ہے ۔ تمام وزراء ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور دوسرے منتخب ونامزد قائدین 2ستمبر کو منعقد ہونے والے ٹی آر ایس کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے جٹ گئے ہیں ۔ اصل اپوزیشن کانگریس کے بشمول دوسری جماعتوں پر شدید تنقیدیں کرتے ہوئے پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش بھر رہے ہیں ۔