کے سی آر کی حیدرآباد آمد۔ جلوس فتح کی جھلکیاں

حیدرآباد۔/26فبروری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کی تلنگانہ بل کی منظوری کے بعد پہلی مرتبہ حیدرآباد آمد پر پارٹی کارکنوں کے علاوہ تلنگانہ حامیوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ چندر شیکھر راؤ جو اپنے وعدہ کے مطابق آندھرا پردیش سے دہلی روانہ ہوکر واپسی پر تلنگانہ میں قدم رکھا ہے، اپنی اس کامیابی پر غیر معمولی پُرعزم دکھائی دے رہے تھے۔

٭ ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین رومی ٹوپی پہنے ہوئے ریالی میں عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے۔ اقلیتی قائدین نے چندر شیکھر راؤ کو امام ضامن باندھا۔ نئی دہلی سے حیدرآباد روانگی سے قبل بھی اقلیتی قائدین نے کے سی آر کی قیامگاہ پہنچ کر انہیں امام ضامن باندھا۔

٭ نئی دہلی سے فلائیٹ کی آمد میں دو گھنٹے تاخیر کے سبب کارکنوں کو بیگم پیٹ ایرپورٹ اور گن پارک پر کافی انتظار کرنا پڑا۔ صبح ہی سے دونوں مقامات پر سینکڑوں کی تعداد میں ٹی آر ایس کارکن جمع تھے اور رقص اور تلنگانہ کے گانوں کے ساتھ کے سی آر کی آمد کا انتظار کررہے تھے۔

٭ جیسے ہی چندر شیکھر راؤ کا ہیلی کاپٹر شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ سے روانہ ہوا، بیگم پیٹ ایر پورٹ پر جشن کا آغاز ہوگیا اور ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے ساتھ ہی جشن عروج پر پہنچ گیا۔ اپنے قائد کی ایک جھلک دیکھنے اور ان سے مصافحہ کرنے کیلئے قائدین اور کارکن ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہے تھے۔ سخت سیکوریٹی میں کے سی آر ایر پورٹ سے باہر آئے اور انہیں فوری ’ وجئے رتھم ‘ پر سوار کردیا گیا۔

٭ چندر شیکھر راؤ نے وجئے رتھم پر اپنے کسی رشتہ دار کو سوار نہیں کیا جبکہ جلوس میں کے ٹی راما راؤ، ہریش راؤ اور کویتا موجود تھے۔

٭ ریالی پر ہیلی کاپٹرس کے ذریعہ پھول برسائے گئے۔ پارٹی نے دو ہیلی کاپٹرس کی خدمات حاصل کیں جن کے ذریعہ 8ٹن پھول ریالی پر نچھاور کئے گئے۔ پہلے طئے شدہ پروگرام کے مطابق گن پارک پر پھولوں کی بارش کی جانی تھی لیکن ریالی کے آغاز میں تاخیر اور شام ہوجانے سے بچنے کیلئے ریالی کے راستوں پر بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ پھول نچھاور کئے گئے۔

٭ چندر شیکھر راؤ نے ریالی کے راستے میں کہیں بھی عوام سے خطاب نہیں کیا اور نہ ہی گلپوشی کیلئے رتھ کو روکا حالانکہ جگہ جگہ ٹی آر ایس کارکنوں اور تلنگانہ حامیوں کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا۔ ریالی کے راستہ میں موجود کئی دکانداروں نے بھی کے سی آر کا استقبال کیا۔

٭ چندر شیکھر راؤ کے جگہ جگہ آویزاں کئے گئے کٹ آؤٹس میں بعض مقامات پر انھیں بھگوان کے روپ میں پیش کیا گیا۔ ٹی آر ایس کے کارکنوں اپنے قائد کو ’’ تلنگانہ جاتی پتا ‘‘ ( بابائے قوم تلنگانہ ) کے نعرے لگارہے تھے۔

٭تلنگانہ جاگرتی کی صدر اور کے سی آر کی دختر کویتا نے تلنگانہ بھون سے ایک بڑی موٹر سیکل ریالی کا آغاز کیا تھا جو بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچی۔ مختلف اضلاع سے آئے ہوئے تلنگانہ کارکنوں کی گاڑیوں کی پارکنگ اور ان کے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔