کے سی آر کی تقریر میں مسلم تحفظات کا کوئی تذکرہ نہیں

حیدرآباد۔ 27 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ورنگل کے جلسہ عام میں مسلم اور درج فہرست قبائل کے تحفظات کا کوئی تذکرہ نہیں کیا۔ جلسہ عام میں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شریک تھی اور انہیں امید تھی کہ چیف منسٹر مسلم اور ایس ٹی طبقات کیلئے تحفظات پر عمل آوری کے بارے میں حکومت کے اقدامات سے واقف کرائیں گے، لیکن اپنی ساری تقریر میں کے سی آر نے کہیں بھی ان تحفظات کا حوالہ تک نہیں دیا۔ واضح رہے کہ تحفظات کیلئے چیف منسٹر نے گزشتہ دنوں وزیراعظم نریندر مودی سے بھی نمائندگی کی تھی لیکن اس وقت بھی وزیراعظم کے ردعمل کے بارے میں چیف منسٹر نے کچھ بھی نہیں کہا۔ کے سی آر کی تقریر روایتی تقاریر سے الگ تھی اور انہوں نے کئی ایک اہم مسائل کا ذکر نہیں کیا جن کا وہ اکثر جلسہ عام میں تذکرہ کرتے ہیں۔ تقریر میں زیادہ تر انہوں نے کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بنایا۔ کے سی آر نے اپنے گرو پروفیسر جئے شنکر کو یاد کیا اور کہا کہ ورنگل کے ہر جلسہ میں جئے شنکر کی تقریر کے بعد ان کی تقریر ہوا کرتی تھی۔ شہ نشین پر ریاستی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ موجود تھے۔ رکن پارلیمنٹ کویتا کو ڈپٹی اسپیکر سنیتا لکشمی ریڈی اور دیگر مہیلا قائدین کے ساتھ دیکھا گیا۔