حیدرآباد۔11مئی ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال آج چھٹویں دن میں داخل ہوگئی جبکہ ہڑتال کی یکسوئی کا مسئلہ ایک بار پھر آج بھی لیت و لعل کا شکار ہوگیا اور حکومت کی جانب سے ہڑتالی ملازمین یونین قائدین کوک وئی واضح تیقن حاصل نہیں ہوسکا ۔ بتایا جاتا ہیکہ کل 12مئی کو کسی بھی وقت چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مداخلت کے ذریعہ آر ٹی سی کی جاری ہڑتال کے ختم ہونے کا قوی امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ چندر شیکھر راؤ نے جاری آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے مسئلہ پر بعض اعلیٰ عہدیداران آر ٹی سی پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور جاری ہڑتال کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے کابینی سب کمیٹی کو ضروری ہدایات دیں ۔ ساتھ ہی ساتھ کابینی سب کمیٹی میں فی الوقت موجود مسرس این نرسمہا ریڈی ‘ وزیر لیبر پی مہیندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ ای راجندر وزیر فینانس کے علاوہ ٹی سرینواس یادو وزیر کمرشیل ٹیکسیس اور جگدیش ریڈی وزیر برقی کو بھی شامل کیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ پانچ رکنی کابینی سب کمیٹی کا آج شام ایک گھنٹہ طویل اجلاس منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں آر ٹی سی عہدیدار بھی شریک رہنے کی اطلاعات ہیں ۔ اجلاس میں کابینی سب کمیٹی نے ہڑتال کی صورتحال سے آر ٹی سی عہدیداروں سے مکمل تفصیلات حاصل کیں اور ساتھ ہی ساتھ عہدیداروں نے عوام کو درپیش مسائل کی ممکنہ حد تک یکسوئی کیلئے آر ٹی سی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے متبادل انتظامات سے واقف کروایا ۔ کابینی سب کمیٹی اجلاس میں ہڑتالی ملازمین کے اہم مطالبہ یعنی سرکاری ملازمین کے خطوط پر آر ٹی سی ملازمین کو بھی 43 فیصد فٹمنٹ کے مسئلہ پر تفصیلی غوروخوص کیا گیا ۔ عہدیداروں سے اس مسئلہ پر تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے دریافت کیا کہ آحر ملازمین آر ٹی سی کو کتنے فیصد تک فٹمنٹ دیئے جانے پر آر ٹی سی پر اس کا کتنا زاید مالی بوجھ عائد ہوگا لیکن بتایا جاتا ہیکہ عہدیداران آر ٹی سی برسرموقع مکمل تفصیلات دینے کے موقف میں نہیں ہے۔ لہذا تفصیلی غوروخوص کے بعد کابینی سب کمیٹی نے اعلیٰ عہدیداران آر ٹی سی کو مکمل تفصیلات کے ساتھ 12مئی کو اولین ساعتوں میں ہی ملاقات کرنے کی ہدایت دی ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ حکومت تلنگانہ ہڑتال آر ٹی سی ملازمین کو 30تا 35فیصد فٹمنٹ دینے کیلئے سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ توقع کی جارہی ہیکہ ریاست تلنگانہ میں 14مئی کو منعقد ہونے والے ایمسٹ وغیرہ کے پیش نظر خود چیف منسٹر بھی ہڑتال ختم کروانے سے اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں جب چیف منسٹر مداخلت کریں گے تو کابینی سب کمیٹی کی پیش کی جانے والی رپورٹ پر اگر ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین یونین قائدین اتفاق نہ کریں تو پھر چیفمنسٹر اس میں کسی قدر اضافہ کر کے ہڑتال کو ختم کروانے کے اقدامات کریں گے ۔ اسی دوران آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے تشکیل دی گئی کابینی سب کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کا اختتام عمل میں آنے کے بعد مسٹر این نرسمہا ریڈی نے اجلاس کے بعض اہم نکات سے واقف کروایا اور بتایا کہ عہدیداران آر ٹی سی سے تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔رپورٹ کی وصولی کے فوری بعد کل کابینی سب کمیٹی کے اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا اور کابینی سب کمیٹی اپنی ایک رپورٹ مرتب کر کے چیف منسٹر کو پیش کرے گی ۔ضرورت پڑنے پر ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین یونین قائدین کو بھی چیف منسٹر سے ملاقات کا موقع فراہم کرتے ہوئے بات چیت کروائی جائے گی تاکہ جاری ہڑتال کے اختتام کو یقینی بنایا جاسکے ۔