کے سی آر کی آئندہ ماہ نوین پٹنائک سے ملاقات

تیسرے محاذ کی کوششوں میں پیشرفت کا امکان
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ملک میں بی جے پی اور کانگریس کے خلاف تیسرے محاذ کی تشکیل کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مئی کے پہلے ہفتہ میں اڈیشہ کے چیف منسٹر نوین پٹنائک سے ملاقات کریں گے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ کے سی آر نے محاذ کی تشکیل کیلئے بیجو جنتا دل کی تائید حاصل کرنے نوین پٹنائک سے ربط قائم کیا۔ چیف منسٹر اڈیشہ نے مئی کے پہلے ہفتہ میں کے سی آر کو دورہ کی دعوت دی ، جسے قبول کرتے ہوئے چیف منسٹر بھوبنیشور روانہ ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ اڈیشہ اسمبلی کا بجٹ اجلاس جاری ہے ، لہذا نوین پٹنائک نے ملاقات کیلئے مئی کے پہلے ہفتہ کی تجویز پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ کے سی آر تیسرے محاذ کے سلسلہ میں مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی اور جنتا دل سیکولر کے رہنما و سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا سے ملاقاتیں کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نوین پٹنائک کے علاوہ کے سی آر کیرالا کے چیف منسٹر سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں جو عنقریب حیدرآباد کا دورہ کرنے والے ہیں۔