حیدرآباد۔ 2 ڈسمبر (پی ٹی آئی) تلگو دیشم پارٹی کے صدر اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا ہے کہ انہوں نے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو وعدوں کی تکمیل کرنے سے کبھی بھی نہیں روکا۔ نائیڈو نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’کیا میں نے کبھی دلتوں کو تین ایکر اراضی دینے سے آپ کو روکا؟ کیا میں نے کبھی کسی دلت کو چیف منسٹر بنانے سے آپ کو روکا تھا۔ کیا میں نے کبھی آپ کو تلنگانہ کی ترقی سے روکا تھا؟ کے سی آر کو چاہئے کہ میں نے (ترقی کو) کہاں روکا؟ واضح رہے کہ ٹی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ نے عام جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ اپوزیشن اتحاد کے ذریعہ تلنگانہ میں چندرا بابو نائیڈو برسراقتدار آتے ہیں تو ریاست کی ترقی ٹھپ ہوجائے گی۔