حیدرآباد 4 اکٹوبر ( این ایس ایس ) تلگودیشم صدر و چیف منسٹر اے پی چندرا بابو نائیڈو کے خلاف کارگذار چیف منسٹرتلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی تنقیدوں پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے تلنگانہ تلگودیشم کے صدر ایل رمنا نے کہا کہ کے سی آڑ کوعوام کی برہمی کا سامنا کرنا پڑیگا اور انہیں سزا دی جائیگی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے رمنا نے نائیڈو کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال پر کے سی آر کو نشانہ بنایا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ 2009 میں کے سی آر نے تلگودیشم کے ساتھ اتحاد کیوں کیا تھا ؟ ۔ وہ اب کانگریس اور تلگودیشم کے مابین اتحاد کی مخالفت کیوں کر رہے ہیں ؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس قائدین عوام کو اکسا رہے ہیں اور دوبارہ اقتدار حاصل کرنے تلنگانہ جذبہ کا استحصال کرنا چاہتے ہیں۔ٹی آر ایس قائدین کو اپنی زبان کولگام دینا چاہئے بصورت دیگر ہم بھی اسی لب و لہجہ میں بات کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو کسی آر کے خاندان راج سے بچانے عظیم اتحاد تشکیل دیا جا رہا ہے ۔