حکومت پر انتقامی کارروائی کا الزام ‘ضمانت پر رہائی کے جگا ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 24ستمبر ( سیاست نیوز) سابق گورنمنٹ وہپ جگاریڈی نے کہا کہ کامیابی کے بعد سربراہ ٹی آر ایس کے سی آر سے ان کی انتقامی کارروائیوں کا پورا حساب چکائیں گے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے سیاسی انتقام لینے کا ٹی آر ایس کارگذار حکومت پر الزام عائد کیا ۔ چنچلگوڑہ جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد اپنے حامیوں کے ساتھ گاندھی بھون پہنچ کر جگاریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور کہا کہ ٹی آر ایس اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد خوفزدہ ہوگئی ہے ۔ ٹی آر ایس کے سروے میں ان کی ( جگاریڈی) کامیابی کے اشارے ملنے کے بعد منظم سازش کے تحت 14سال کے ایک جھوٹے مقدمہ میں انہیں پھنسایا گیا ہے ۔ کے سی آر سے نظریں ملانے اور حکومت کی ناکامیوں کو اشکار کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جارہا ہے ۔ آئندہ انتخابات میں وہ عوام کی تائید سے اسمبلی حلقہ سنگاریڈی سے کامیابی کے بعد ٹی آر ایس اور کے سی آر سے حساب چکتا کریں گے ۔