کے سی آر کوطلبہ کی خودکشی سے زیادہ سیاسی مفاد عزیز : ہنمنت راؤ

ریاست میں مخصوص اعلیٰ ذات کی حکمرانی ، پسماندہ طبقات کو نظر انداز کرنے کا الزام
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے پاس چیف منسٹر کیرالا سے ملاقات کا وقت ہے لیکن خودکشی کرنے والے انٹرمیڈیٹ طلبہ کے خاندانوں سے ملاقات کی فرصت نہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ ایک طرف انٹرمیڈیٹ امتحانات میں دھاندلیوں سے دلبرداشتہ ہوکر طلبہ کی خودکشی کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف چیف منسٹر مرکز میں فیڈرل فرنٹ کے قیام کے نام پر مختلف ریاستوں کے دورہ پر نکل پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا کے چیف منسٹر سے ملاقات سے قبل کے سی آر کو چاہئے تھا کہ وہ خودکشی کرنے والے طلبہ کے خاندانوں سے ملاقات کر کے انہیں دلاسہ دیتے ۔ انہوں نے تلنگانہ میں مخصوص طبقہ کی حکمرانی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ چیف منسٹر اپنی ذات سے تعلق رکھنے والے قائدین کے ساتھ کیرالا روانہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر جس کاسٹ سے تعلق رکھتے ہیں، وہ تلنگانہ میں ایک فیصد بھی نہیں ہے لیکن کے سی آر اسی کاسٹ کے لوگوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر کیرالا سے ملاقات کیلئے اپنی ذات والوں کو ساتھ لے گئے۔ ان کے ساتھ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیت کا کوئی نمائندہ نہیں تھا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کو کمزور طبقات کی حوصلہ افزائی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کی آبادی سب سے زیادہ ہے ، لہذا اعلیٰ طبقات کی حکمرانی کے خلاف جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر خاندان اور کے سی آر کے ذات سے تعلق رکھنے والوں کو اہمیت دی جارہی ہے ۔ گزشتہ 70 برسوں میں اعلیٰ طبقات کا غلبہ رہا ۔ صرف ایک مرتبہ ایس سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے ڈی سنجیویا کو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی سی طبقات چیف منسٹر کے عہدہ سے آج تک محروم ہیں۔ تلنگانہ میں بی سی طبقہ کے چیف منسٹر کے انتخاب تک جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والے کمزور طبقات کے قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ اعلیٰ طبقات کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کیلئے آواز بلند کریں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ پنجہ گٹہ میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی توہین کرنے والے عہدیداروں کے خلاف آج تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ صرف صفائی عملہ کے خلاف کیس درج کر کے عہدیداروں کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ پنجہ گٹہ میں ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کے لئے کل مندا کرشنا مادیگا کی جانب سے اندرا پارک پر دھرنا منظم کیا جارہا ہے ۔ وہ اس دھرنے میں حصہ لیں گے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات کے بعد مجسمہ کی تنصیب کیلئے وہ بھوک ہڑتال کریں گے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ مجھے موت کا کوئی خوف نہیں ہے اور ڈاکٹر امبیڈکر کے اصولوں کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔