کے سی آر کا مجلس و بی جے پی سے ’ فریبی اتحاد‘

ریاست کے عوام تبدیلی کے خواہاں : ٹی ویرا بھدرم کا ادعا
حیدرآباد۔ 4 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ سی پی ایم کے سیکریٹری ٹی ویرا بھدرم نے کارگذار چیف منسٹر کے سی آر پر پرانے شہر میں مجلس سے اور دہلی میں بی جے پی سے ’’فریبی اتحاد‘‘ کرنے کا الزام عائد کیا۔ بہوجن لفٹ فرنٹ تشکیل دینے والے ٹی ویرا بھدرم نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور بی ایل ایف سے ہی یہ ممکن ہوسکتا ہے۔ علیحدہ تلنگانہ کی تحریک میں نوجوانوں کو مشتعل کرکے ان کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے والے کے سی آر نے ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد نوجوانوں، طلبہ اور خواتین کے ساتھ سماج کے تمام طبقات کو دھوکہ دیا ۔ ان سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا اور حقیقت میں کے سی آر کو ’سب سے بڑا فرقہ پرست‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس پرانے شہر میں مجلس اور دہلی میں بی جے پی سے اتحاد کرکے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ تلنگانہ عوام سے کے سی آر کے خفیہ ایجنڈے کو سمجھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر دوبارہ ٹی آر ایس جیت جاتی ہے تو تلنگانہ میں جمہوریت باقی نہیں رہے گی۔ دستوری عہدوں کے اختیارات کو سلب کردیا جائے گا۔ سی پی ایم اسٹیٹ سیکریٹری نے کہا کہ بی ایل ایف سے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی گئی جس کے بعد کئی قائدین بی ایل ایف رابطہ بنائے ہیں۔ 10 اکتوبر کو سی پی ایم کے پلینری سیشن کا اہتمام کیا جارہا ہے جس سے سی پی ایم کے قومی جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری شرکت کریں گے۔ 11 اکتوبر کو بی ایل ایف امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی جائے گی۔