کے سی آر کا فیڈرل فرنٹ کانگریس کی تائید حاصل کرنے تیار

حکومت کی قیادت علاقائی جماعتوں کو سونپنے کا مطالبہ ۔ ٹی آر ایس ترجمان عابد رسول خان
حیدرآباد 14 مئی ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے کہا کہ پارٹی صدر و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کا تجویز کردہ علاقائی جماعتوں کا فیڈرل فرنٹ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد مرکز میں تشکیل حکومت کیلئے کانگریس کی تائید حاصل کرنے کا مخالف نہیں ہے بشرطیکہ کانگریس حکومت کی قیادت نہ کرے ۔ چندر شیکھر راو کافی وقت سے غیر بی جے پی و غیر کانگریسی جماعتوں پر مشتمل علاقائی جماعتوں کے ایک وفاقی محاذ کی وکالت کر رہے ہیں۔ ایسے میں پارٹی ترجمان عابد رسول خان کا یہ بیان کہ ان کی پارٹی راہول گاندھی کی قیادت والی پارٹی سے مفاہمت کی مخالفت نہیں ہے اہمیت کا حامل ہے ۔ واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا آئندہ ہفتے اعلان ہونے والا ہے ۔ عابد رسول خان نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوے کہا کہ کے سی آر کا یہ اٹل موقف ہے کہ فیڈرل فرنٹ کو ہی اہمیت حاصل رہنی چاہئے اور حکومت کی قیادت بھی اسی کے پاس ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیڈرل فرنٹ کو درکار عددی طاقت حاصل نہیں ہوتی ہے اور نشستیں کم حاصل ہوتی ہیں تو اپوزیشن جماعتوں ایسی حکومت بنانے کے امکانات پر غور کرینگے جس کو باہر سے کانگریس کی تائید حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فیڈرل فرنٹ ہی کی ہوگی اور کانگریس کو باہر سے اس کی تائید کرنی چاہئے ۔ ہم اپنے اس مطالبہ پر اٹل ہیں کہ علاقائی جماعتوں کو ہی اہمیت حاصل رہنی چاہئے ۔

وزیر اعظم کا عہدہ بھی کسی علاقائی جماعت کو جانا چاہئے جس پر اتفاق رائے سے فیصلہ ہوسکتا ہے ۔ عابد رسول خان نے کہا کہ ہم کانگریس سے بات کرنے بھی تیار ہیں اور دیکھتے ہیں کہ آیا وہ تشکیل حکومت کیلئے ہماری تائید کرتی ہے یا نہیں۔ اگر کانگریس ایسا کرتی ہے تو علاقائی جماعتیں اس کی تائید حاصل کرنے کی مخالف نہیں ہیں بشرطیکہ کانگریس خود حکومت کی قیادت کا مطالبہ نہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک مجوزہ فیڈرل فرنٹ کا معاملہ ہے وہ کسی حال میں بی جے پی کے ساتھ نہیں جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بی جے پی کے مخالف ہیں۔ ہم کسی بھی طرح کے تعلقات بی جے پی سے نہیں چاہتے۔ نہ ہم ان کی تائید حاصل کرینگے اور نہ ان کی تائید کی جائے گی ۔ جو جماعتیں وفاقی محاذ پر کے سی آر سے بات چیت کر رہی ہیں ان میں بیشتر کی رائے بھی یہی ہے ۔