حیدرآباد۔/25جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کا دورہ دہلی ملتوی ہوگیا۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ جاریہ ماہ میں 27اور 28جون کو مسٹر کے چندر شیکھر راؤ دہلی کے دورہ پر روانہ ہونے کی قوی توقع ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے دورہ دہلی کے موقع پر بتایا جاتا ہے کہ وہ ( مسٹر چندر شیکھر راؤ ) وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کے علاوہ مختلف مرکزی وزراء سے بھی ملاقات کریں گے اور مرکزی بجٹ میں ریاست کو حاصل ہونے والے بجٹ رقومات میں اضافہ کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ علاوہ ازیں بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ پولاورم پراجکٹ، پی پی ایز، پیدا شدہ نئے آبی تنازعات پر بھی مرکز سے بات چیت کرنے کی بھی توقع پائی جاتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر چندر شیکھر راؤ کے ہمراہ کُل جماعتی وفد بھی روانہ ہونے کا امکان ہے۔
بونال تہوار کیلئے
جی ایچ ایم سی کے انتظامات
حیدرآباد۔/25جون، ( آئی این ایس ) بونال کے موقع پر وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت تلنگانہ نے بونال کو ریاستی سرکاری تہوار قرار دیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کے کمشنر سومیش کمار نے جی ایچ ایم سی کے تمام ڈپٹی کمشنرس، زونل کمشنرس اور الایا کمیٹیوں کے ارکان کا ایک اجلاس جی ایچ ایم سی صدر دفتر کے پنور ہال میں طلب کیا جس میں انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ مجوزہ بونال جلوس کے راستوں کو موثر بنایا جائے اور وہاں صفائی کے علاوہ اسٹریٹ لائٹس کے بہتر انتظامات کئے جائیں۔