حیدرآباد ۔5۔اپریل (سیاست نیوز )تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کا بھدرادری کی مشہور مندر کا دورہ ملتوی کردیا گیا ہے ۔وہ آج اس مندر میں حکومت کی طرف سے ریشمی کپڑے پیش کرنے والے تھے اور پوجا بھی کرنے والے تھے تاہم ان کے دورہ کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔وزیراعلی کی ہدایت پر حکومت کی طر ف سے وزیر انڈومنٹ اندراکرن ریڈی اوردوسروں نے مندر میں کپڑے حوالے کئے اور پوجا کی۔ اسی دوران دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں رام نومی تہوار جوش وخروش سے منایا جارہا ہے ۔ منادر میں شردھالو پوجا کے لئے طویل قطاروں میں دیکھے جارہے ہیں۔تلنگانہ میں اصل رام نومی کی تقریب بھدراچلم کی مندر میں دیکھی گئی ۔رام نومی کے موقع پر شہر حیدرآباد میں مختلف مقامات سے آج جلوس نکالا جارہا ہے جس کیلئے پولیس کی جانب سے سخت بندوبست کیا گیا ہے ۔ جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ جلوسیوں پر نظر رکھنے کیلئے پولیس کی کیمرہ گاڑیوں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہے ۔ کنٹرول ٹاور سے سی سی ٹی وی کیمروں کو مربوط کیا گیا ہے جہاں سے جلوسیوں پر پولیس کی نظر رہے گی ۔