حضور نگر 3 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں ٹی آر ایس اقتدار کو بیدخل کرنے کے یقین کے ساتھ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمارریڈی نے کہا کہ ریاست میں ٹی آر ایس کی اقتدارسے بیدخلی کی سب سے بڑی وجہ چیف منسٹر کا تکبر ہوگا ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ 7 ڈسمبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں عظیم اتحاد کی شاندار کامیابی ہوگی اتم کمار ریڈی نے دعوی کیا کہ برسر اقتدار ٹی آر ایس صرف 35 نشستوں تک محدود ہوکر رہ جائیگی ۔ گذشتہ انتخابات میں ٹی آر ایس نے 63 نشستیں حاصل کی تھیں بعد میں اس کے ارکان کی تعداد 90 تک جا پہونچی تھی ۔ ٹی آر ایس اس بار 100 نشستیں حاصل کرنے کا دعوی کر رہی ہے تاہم اتم کمار نے کہا کہ ٹی آر ایس صرف 35 نشستوں تک محدود ہوجائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے قبل از وقت اسمبلی کی تحلیل کرتے ہوئے غلط فیصلہ کرلیا ہے اور وہ ریاست میں سیاسی حالات کا صحیح اندازہ نہیں لگا سکے تھے ۔ وہ حکومت کے تئیں عوام میں پائی جانے والی ناراضگی کو محسوس نہیں کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو شکست کا سامنا کرنا پڑیگا ۔ ہم کے سی آر کو فیصلہ کن انداز میں شکست سے دوچار کردینگے ۔ ریاست کے عوام تلنگانہ جدوجہد کا استحصال کرتے ہوئے شخصی مفادات کی تکمیل پر کے سی آر کو سبق سکھانے کیلئے بے چین ہیں۔ اتم کمار ریڈی اپنے حلقہ حضور نگر میں انتخابی مہم کے دوران ایک انٹرویو دے رہے تھے ۔