حیدرآباد۔ یکم جنوری (این ایس ایس) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر ریاست میں تلنگانہ کے دغا بازوں کے ساتھ ہاتھ ملاکر حکمرانی کا الزام عائد کرتے ہوئے سی پی آئی اسٹیٹ سیکریٹری سی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ کے حصول کے کاز کی تکمیل نہیں ہوئی ، جس کی وجہ کے سی آر کا آمرانہ رویہ ہے۔ حیدرآباد سٹی سی پی آئی کونسل کی آج یہاں حمایت نگر میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر ذات پات کی سیاست چلاتے ہوئے وقت گذاری سے کام لے رہے ہیں۔ چیف منسٹر انتخابات کے دوران دیئے گئے تیقنات کی تکمیل کرنے کے بجائے عوام سے اندھادھند وعدے کررہے ہیں۔ عوام کو اب پتہ چل گیا ہے کہ کے سی آر عملی اقدامات کرنے والے سی ایم نہیں بلکہ محض زبانی جمع خرچ پر انحصار کرنے والے لیڈر ہیں، جنہیں آئندہ انتخابات میں عوام مناسب سبق سکھائیں گے۔ کے سی آر نے ترقی کے نام پر ریاست کو قرضوں میں جھونک دیا ہے۔