ٹریکٹروں میں جلسہ گاہ پہونچنے کے مشورہ پر ریونت ریڈی کی تنقید
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے جمہوری عہدے پر فائز ہو کر غیر قانونی کاموں کی ترغیب دینے کا چیف منسٹر پر الزام عائد کیا ۔ ٹریکٹر پر عوامی سفر پر امتناع عائد ہے ۔ لیکن کے سی آر ہر گاوں سے ایک ٹریکٹر میں بھر کر عوام کو جلسہ گاہ تک پہونچنے کا مشورہ دے رہے ہیں ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کیرالا کے سیلاب زدہ متاثرین کی امداد کے لیے چیف منسٹر نے اتنی دلچسپی نہیں دیکھائی جتنی دلچسپی 2 ستمبر کو منعقد ہونے والے ٹی آر ایس کے جلسہ عام میں دیکھا رہے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر جلسہ عام میں شریک ہونے والے 25 لاکھ عوام کو اپنی فوج کی طرح بتانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اور ساتھ ہی جلسہ گاہ میں پہونچنے کے لیے عوام کو غیر قانونی راستہ اختیار کرنے پر زور دے رہے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ اور کھمم کے رکن اسمبلی پی اجئے کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا پولیس سے مطالبہ کیا جنہوں نے ٹریکٹر کے ذریعہ عوام کو جلسہ گاہ تک پہونچایا ہے ۔ ایچ ایم ڈی اے کمشنر جناردھن ریڈی سے استفسار کیا کہ انہیں ٹول ٹیکس برخاست کرنے کا اختیار کس نے دیا ہے ۔ کے سی آر کی جانب سے جلسہ عام منعقد کرنے قواعد کی خلاف ورزی کرنے کا سرکاری عہدیداروں پر الزام عائد کیا ۔ عدلیہ ان غیر قانونی سرگرمیوں کو از خود قبول کرتے ہوئے مقدمات درج کریں ۔ ریاست میں ہریتا ہرم کا تماشہ کرنے والے چیف منسٹر جلسہ گاہ کے مقام پر ہزاروں درختوں کو کاٹ دینے کا الزام عائد کیا ۔ گرین ٹریبونل کو مداخلت کرتے ہوئے کے سی آر پر مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سرکاری تنخواہ یافتہ کلاکاروں کی خدمات پارٹی کی تشہیر کے لیے استعمال کرنے کی بھی سخت مذمت کی ۔ ٹی آر ایس کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔۔