کے سی آر پر تلنگانہ عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھانے کا الزام

کانگریس کو ٹی آر ایس سے اتحاد کے بغیر مقابلہ کا مشورہ : جئے پرکاش ریڈی

حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : سابق گورنمنٹ وہپ کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر جئے پرکاش ریڈی نے سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر تلنگانہ کے عوام کو ہتھیلی میں جنت دیکھا کر گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ ٹی آر ایس سے اتحاد کے بغیر تنہا مقابلہ کرنے کا کانگریس ہائی کمان سے مطالبہ کیا ۔ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی ضلع میدک کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی جگاریڈی نے کبھی پورے نہ ہونے والے وعدے کرتے ہوئے تلنگانہ کے عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر تین کمروں کا گھر مفت میں تعمیر کر کے غریبوں کو دینا ہوتا تو کیا ماضی کی حکومتیں اس پالیسی پر عمل نہ کرتی ۔ انہوں نے جھوٹ اور فریب کا سہارا لیتے ہوئے غریب عوام کو دھوکہ دینے کا سربراہ ٹی آر ایس پر الزام عائد کیا اورکہا کہ کانگریس کو دھوکہ دینے والے کے سی آر غریب عوام سے کیے گئے وعدے کو بھلا کیا نبھائیں گے ۔ سیاسی مفادات کی خاطر ٹی آر ایس جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے ۔ ایجنسی علاقوں میں ہیلی کاپٹر ایمبولنس کا ایس ٹی طبقات کو سنہرا خواب دیکھانے کا الزام عائد کیا اور کانگریس ہائی کمان سے مطالبہ کیا کہ وہ دھوکہ باز ٹی آر ایس سے ہرگز اتحاد نہ کریں ۔ تنہا مقابلہ کرنے پر علاقہ تلنگانہ میں کانگریس کو 80 تا 90 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ کانگریس پارٹی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ اس لیے عوام کی مکمل تائید کانگریس کے ساتھ ہے ۔ علاقہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کا موقف کافی طاقتور ہے اور ٹی آر ایس سے اتحاد کے بغیر کانگریس پارٹی تمام جماعتوں سے آسانی سے مقابلہ کرسکتی ہے ۔ 2009 میں ٹی آر ایس تلگو دیشم اور کمیونسٹ جماعتوں نے اتحاد کیاتھا ۔ کانگریس نے تنہا مقابلہ کرتے ہوئے علاقہ تلنگانہ میں 50 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی تھی اب تو کانگریس نے تلنگانہ عوام کے دیرینہ خواب کی تکمیل کی ہے عوام کی ساری تائید کانگریس کے ساتھ ہوگی ۔۔