کانگریس سے نمٹنے کے طریقے سمجھائے گئے
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کل بنگلور میں دیوے گوڑا اور کمارا سوامی سے ملاقات کے دوران کانگریس سے نمٹنے کے کیا گر سکھائے؟ کے سی آر کی حلف برداری میں شرکت کے بغیر ایک دن قبل بنگلور روانگی اور جنتا دل سیکولر قائدین سے ملاقات کے بعد ٹی آر ایس حلقوں میں سرگوشیاں کی جارہی ہیں کہ کے سی آر نے کانگریس سے نمٹنے کے طریقے تجویز کئے ہیں۔ جنتا دل سیکولر کم تعداد کے باوجود حکومت کی قیادت کر رہی ہے۔ ایسے میں کانگریس سے کسی تنازعہ کے بغیر تائید جاری رکھنے کی توقع نہیں کی جاسکتی ۔ سابق میں مرکز یا پھر ریاستوں میں جہاں کہیں کانگریس نے دیگر پارٹیوں کو تشکیل حکومت میں مدد کی ، ان کی تائید مکمل میعاد تک نہیں کی گئی ۔ درمیان ہی میں حکومتوں کو زوال سے دوچار کردیا ۔ مرکز میں چندر شیکھر اور ایچ ڈی دیوے گوڑا حکومتوں کو کانگریس نے درمیان میں ہی تائید واپس لیتے ہوئے گرادیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایچ ڈی دیوے گوڑا اور کمارا سوامی سے ملاقات کے دوران کے سی آر نے کانگریس کی تاریخ کو دہرایا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ کانگریس سے نمٹنے میں مکمل چوکسی برقرار رکھی جائے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کمارا سوامی نے اس بات کا اشارہ دیا کہ وہ تیسرے محاذ میں ضرور شامل ہوںگے اور کانگریس کے ساتھ حکومت کا قیام اس راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔ ٹی آر ایس قائدین کا کہنا ہے کہ کے سی آر نے جس طرح تلنگانہ میں کانگریس اور تلگو دیشم کو کمزور کردیا اسی طرح کرناٹک میں بھی کمارا سوامی کو اپنے تجربات اور مشاہدات سے آگاہ کیا۔ دیکھنا یہ ہے کہ کمارا سوامی کب تک کانگریس سے اتحاد کو برقرار رکھیں گے۔ کمارا سوامی اپنی پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے کے سی آر فارمولہ پر کب عمل کریں گے اس پر سیاسی مبصرین کی نظریں ہیں۔