حیدرآباد ۔ 29؍ نومبر ( آئی این این) ورنگل لوک سبھا ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدوار پنسوری دیاکر کی تاریخی کامیابی کو یقینی بنانے والے عوام کو تحفہ دیتے ہوئے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے ورنگل میں سینک اسکول کے قیام کو منظوری دے دی ہے ۔ ورنگل میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے بتایا کہ سینک اسکول کے قیام کا عمل بہت جلد شروع کیا جائیگا ۔ ورنگل سے عوام نے ٹی آر ایس حکومت کی غیر معمولی تائید کی ہے ۔ لہذا حکمراں پارٹی بھی ورنگل کی تیز تر ترقی کے لئے تمام اقدامات کرے گی ۔ کے سی آر چاہتے ہیں کہ ورنگل کو حیدرآباد کے بعد دوسرا سب سے بڑا شہر بنایا جائیگا اور یہاں ہمہ رخی ترقی کے لئے منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ورنگل کے اطراف آوٹر رنگ روڈ کا کام شروع کریں ۔