کے سی آر نے عوامی مفادات کو روند دیا

تلنگانہ میں مہا کوٹمی کی حکومت کا قیام یقینی : کے رحمان خان
حیدرآباد 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس نے اقتدار کی قربانی دیکر تلنگانہ تشکیل دیا لیکن سنہرے تلنگانہ کا خواب دکھاکر کے سی آر نے عوامی مفادات کو روند دیا۔ ان خیالات کا اظہار سابق مرکزی وزیر و ڈپٹی چیر پرسن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے رحمان خان نے کیا۔ انھوں نے ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کیا۔ اس موقع پر سینئر کانگریس قائدین جناب جابر پٹیل اور عتیق صدیقی موجود تھے۔ رحمان خان نے تلنگانہ میں آئندہ مہا کوٹمی حکومت کی تشکیل کو یقینی قرار دیا اور تلنگانہ کے عوام کو پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ جس مقصد کیلئے تلنگانہ کی تشکیل ہوئی تھی اب وہ مقصد مہا کوٹمی کی تشکیل حکومت سے یقینی ہونے جارہا ہے۔ انھوں نے تلنگانہ عوام بالخصوص مسلم اقلیت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال دانشمندی سے کریں اور کسی سازش یا بہکاوے میں نہ آکر ووٹوں کو تقسیم ہونے سے بچائیں۔ انھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس نے عوامی مفادات کے آگے شخصی مفادات کو اہمیت دی اور قربانیوں کے ذریعہ حاصل ریاست میں عوام کے خوابوں کو چوکنا چور کردیا۔ جناب رحمان خان نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت نے مسلمانوں سے بے شمار وعدے کئے لیکن ایک پر بھی عمل آوری نہیں کی گئی۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کے نام پر مسلمانوں سے مذاق کیا گیا اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے ایک بھی اقدام نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہاکہ یو پی اے حکومت میں وقف قوانین کو مضبوط بنایا گیا لیکن کسی ریاستی حکومت نے اس پر سنجیدگی ظاہر نہیں اس پر عمل آوری سے تلنگانہ کی کروڑہا مالیتی اوقافی جائیدادوں کا تحفظ یقینی ہوسکتا تھا۔ جناب رحمان خان نے تلنگانہ سے ٹی آر ایس کے صفائے کو یقینی قرار دیا۔