کے سی آر نے عوامی دباؤ کے تحت ہیلی پیاڈ کی تعمیر کا منصوبہ ترک کردیا

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( ایجنسیز ) : کریم نگر میں ان کے ذاتی مکان کے قریب ہیلی پیاڈ کی تعمیر کے لیے حصول اراضی کے خلاف مقامی عوام کی بڑھتی ہوئی مخالفت کے پیش نظر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کل ہیلی پیاڈ تعمیر کرنے کی تجویز سے دستبرداری اختیار کرلی ۔ 29 دسمبر کو کریم نگر کے ڈسٹرکٹ کلکٹر سرفراز احمد نے شہر کے نواح میں تھیگلا گٹہ پلی گاؤں میں 5.14 ایکڑ اراضی کے حصول کے لیے ایک اعلامیہ جاری کیا تھا ۔ جس پر زبردستی حصول اراضی کو چیالنج کرتے ہوئے مقامی عوام عدالت سے رجوع ہوئے ۔ منگل کو ایک سرکاری ریلیز میں کلکٹر نے کہا کہ چیف منسٹر نے ہیلی پیاڈ کی تعمیر کے لیے حصول اراضی کی تجویز سے فوری اثر کے ساتھ دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔