کے سی آر نے تمام طبقات کی ترقی کو یقینی بنایا ہے ۔ کے ٹی راما راؤ

حیدرآباد 26 مئی ( آئی این این ) ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے ادعا کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی حکومت نے تمام طبقات کی ترقی و فلاح و بہبود کو یقینی بنایا ہے ۔ یہاں ایک کچھ قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ریتو بندھو اسکیم اس قدر کامیاب ہوئی ہے کہ مہاراشٹرا کے پڑوسی 40 بستیوں کے لوگ تلنگانہ میں ضم ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی تصویر کو آندھرا پردیش میں دودھ سے نہلایا گیا ہے ۔ خود آندھرا پردیش کے لوگ کے سی آر کی قیادت چاہتے ہیں کیونکہ وہ گذشتہ چار سال میں حکومت کے کام کاج سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ اپوزیشن کی سستی سیاست کو ترک کریں۔ انہوں نے ادعا کیا کہ تلنگانہ سے کانگریس پارٹی ختم ہوچکی ہے ۔ نلگنڈہ کے کانگریس قائدین انتہائی ناکارہ ہیں ۔ تقریب میں وزیر توانائی جگدیش ریڈی ‘ ایم پی نلگنڈہ جی سکھیندر ریڈی ‘ ارکان اسمبلی وی ویراشم ‘ لنگیا ‘ بی نریندر ریڈی اور دوسرے بھی شریک تھے ۔