کے سی آر نے بانی ’سیاست‘ عابد علی خاں مرحوم کو یاد کیا

سدی پیٹ میں شادی خانہ کے افتتاح کا تذکرہ
حیدرآباد۔/6اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں ’ سیاست‘ کے بانی عابد علی خاں صاحب مرحوم کا ذکر کیا اور مسلمانوں کے مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں ان کے جذبہ کی ستائش کی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے اجلاس میں اقلیتوں کی بہبود سے متعلق اُمور پر گفتگو کے دوران چیف منسٹر نے یہ کہتے ہوئے عابد علی خاں صاحب مرحوم کا حوالہ دیا کہ سدی پیٹ میں رکن اسمبلی کی حیثیت سے انہوں نے ’سیاست‘ کے بانی کو شادی خانہ کے افتتاح کیلئے مدعو کیا تھا۔ عہدیداروں کو منفرد اسکیمات کی تیاری کا مشورہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں مسلم شادی خانوں کی تعمیر اور افطار پارٹیوں کے انعقاد کا آغاز ان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ سدی پیٹ کے تلگودیشم رکن اسمبلی کی حیثیت سے انہوں نے مسلم شادی خانہ تعمیر کیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’سیاست‘ کے موجودہ ایڈیٹر جناب زاہد علی خاں کے والد عابد علی خاں مرحوم کو جو پدم شری تھے، میں نے افتتاح کیلئے مدعو کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے انتخابی حلقہ میں پہلی دعوت افطار کا اہتمام انہوں نے کیا تھا جس میں صرف 20افراد شریک تھے جبکہ دوسرے سال 2000افراد نے شرکت کی۔ اس بارے میں جب اسوقت کے چیف منسٹر این ٹی راما راؤ کو پتہ چلا تو انہوں نے طلب کرتے ہوئے شادی خانہ کی تعمیر اور دعوت افطار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ کے سی آر کی تجویز پر این ٹی راما راؤ نے ہر ضلع میں مسلمانوں کیلئے شادی خانہ کی تعمیر کی اسکیم کو منظوری دی اور سرکاری سطح پر دعوت افطار کا آغاز ہوا۔ اپنی پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ کوئی ایسا منفرد کام کریں جو ہمیشہ کیلئے باقی رہ جائے۔