کے سی آر نے اپنی سالگرہ مہاراشٹرا میں منائی

تلنگانہ ریاست کی ترقی میں سرگرداں چیف منسٹر نے سدی ونائک مندر میں پوجا کی
حیدرآباد۔/17فبروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے اپنی سالگرہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے راج بھون میں منائی۔ اگرچہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل اور چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد کے سی آر کی یہ پہلی سالگرہ ہے لیکن وہ ریاست کی ترقی کے سلسلہ میں اس قدر سرگرداں ہیں کہ انہوں نے تلنگانہ میں اپنی سالگرہ منانے کو اہمیت نہیں دی برخلاف اس کے وہ مہاراشٹرا حکومت سے مختلف پراجکٹس کے سلسلہ میں مذاکرات کیلئے ممبئی روانہ ہوئے۔ ممبئی میں راج بھون میں کے سی آر نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے گورنر مہاراشٹرا سی ایچ ودیا ساگر راؤ کے ہمراہ اپنی سالگرہ منائی۔ گورنر مہاراشٹرا نے کے سی آر کو لنچ پر مدعو کیا تھا جہاں کے سی آر نے کیک کاٹا اور گورنر و لیڈی گورنر نے انہیں گلدستہ پیش کرتے ہوئے سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ چندر شیکھر راؤکی 61ویں سالگرہ اگرچہ تلنگانہ کے باہر ہورہی ہے لیکن تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے گورنر کی موجودگی نے انہیں اپنوں سے دوری کا احساس ہونے نہیں دیا۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر کے کیشو راؤ، جتندر ریڈی، ونود کمار اور نئی دہلی میں تلنگانہ حکومت کے نمائندہ وینو گوپال چاری، آبپاشی کے مشیر ودیا ساگر راؤ، ریاستی وزراء ہریش راؤ، جوگو رامنا اور رکن قانون سازکونسل کے پربھاکر موجود تھے۔ گورنر مہاراشٹرا نے کے سی آر کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور ریاست کی ترقی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ آج صبح ممبئی کے مشہور سدی ونائیک مندر جاکر کے سی آر نے خصوصی پوجا میں حصہ لیا۔ شیو راتری کے موقع پر اس مندر میں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مندر کے پجاریوں نے کے سی آر کو آشیرواد دیا۔ اس موقع پر ممبئی میں مقیم تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں چیف منسٹر سے ملاقات کی اور مبارکباد دی۔ ان کے ہمراہ پارٹی کے قائدین موجود تھے۔ رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کو اپنی سالگرہ سے زیادہ ریاست کی ترقی عزیز ہے لہذا انہوں نے حکومت مہاراشٹرا سے مذاکرات کو ترجیح دی۔ تلنگانہ کی سرحد سے متصل مہاراشٹرا کے پراجکٹس کے سلسلہ میں چیف منسٹر دیویندر فرنویس سے ملاقات کیلئے کے سی آر ممبئی پہنچے۔ واضح رہے کہ چندر شیکھر راؤ 15فبروری کو نئی دہلی روانہ ہوئے جہاں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ کئی مرکزی وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی ترقی میں تعاون کی نمائندگی کی۔