حیدرآباد 30 نومبر ( این ایس ایس ) سینئر کانگریس لیڈڑ ملکارجن کھرگے نے آج الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو وزیر اعظم نریندرمودی کے اشاروںپر کام کر رہے ہیں۔ کے سی آر نے مودی کے ہر فیصلے کی مکمل تائید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چاہے یہ نوٹ بندی ہو ‘ جی ایس ٹی ہو ‘ دلتوں او راقلیتوں پر حملے ہوں سبھی معاملات میں کے سی آر نے بی جے پی حکومت اور مودی کی تائید کی ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ سینکڑوں نوجوانوں نے علیحدہ تلنگانہ کیلئے قربانیاں دیں ۔ سونیا گاندھی نے ریاست کے تمام جماعتوں کے اتفاق کے بعد تلنگانہ تشکیل دیا تاہم اب بھی عوام کی توقعات کو پورا نہیں کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے عوام سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اس نے سی بی آئی اور ای ڈی جیسے اداروں کو کمزور کردیا ہے ۔