کے سی آر ملک کے سب سے بڑے بدعنوان چیف منسٹر

آبپاشی پراجکٹس میں دھاندلیاں،لوٹ کھسوٹ کے خلاف احتجاج۔ اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔یکم اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کے سی آر کو ملک کا سب سے بڑا بدعنوان چیف منسٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کے خاندان کی آمدنی، اڈانی اور امبانی کے برابر ہوگئی ہے۔ اگر اب انتخابات منعقد ہوتے ہیں تو کانگریس کو آسانی سے75 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ اتم کمار ریڈی نے آج گاندھی بھون میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس میں صرف ڈیزائن کی تبدیلی سے کروڑہا روپئے کی بدعنوانیاں کرتے ہوئے تلنگانہ کو 2.25 لاکھ کروڑ کا مقروض بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی آبپاشی پراجکٹس کے خلاف نہیں ہے لیکن پانی کے نام پر جو لوٹ کھسوٹ کی جارہی ہے اس کے خلاف ہے، زبردستی غریب عوام اور کسانوں کی اراضیات چھین لی جارہی ہیں۔ کانگریس پارٹی نے حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف جمہوری انداز میں احتجاج کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے نظر انداز کرنے پر ہائیکورٹ سے رجوع ہوئی ہے، کیا ناانصافیوں کے خلاف عدلیہ سے رجوع ہونا کوئی جرم ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر وزراء کے علاوہ ٹی آر ایس کے چھوٹے موٹے قائدین کی جانب سے کانگریس کی دشمنی میں عدلیہ کے خلاف بھی ریمارکس کررہے ہیں وہ امید کرتے ہیں کہ ہائی کورٹ ان ریمارکس اور تنقیدوں کا بھی اپنی طرف سے جائزہ لے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے سی آر کی جاگیر نہیں ہے اور نہ ہی انہیں یکطرفہ اور من مانی فیصلے کرنے کا اختیار ہے۔ جمہوری ملک میں ہر کام رہنمایانہ خطوط کے حدود میں کیا جانا چاہیئے۔ کانگریس پارٹی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور ریاست کے مفادات کا تحفظ کرنے کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہے، جب بھی انتخابات ہوں گے کانگریس پارٹی 75 اسمبلی حلوں پر آسانی سے کامیابی حاصل کرے گی۔ آئندہ ریاست میں کانگریس کی حکومت تشکیل پائے گی۔ اقتدار حاصل ہوتے ہی کانگریس حکومت کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض معاف کرے گی۔ انہوں نے ہریش راؤ کے کانگریس کے خلاف عائد کردہ الزامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس ے گلوبل ٹنڈرس طلب کرنے کے بجائے گھر میں بیٹھ کر ہزاروں کروڑہا روپئے کے سنگل ٹنڈرس کو منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے ہریش راؤ سے استفسار کیا کہ کیا اپنی اراضیات سے محروم ہونے والے غریب عوام دلت اور قبائیلی طبقات کا عدالت سے رجوع ہونا کوئی جرم ہے، اور انہوں نے یاد دلایا کہ بھوک ہڑتال کے دوران جب کے سی آر کو گرفتار کرتے ہوئے کھمم منتقل کیا گیا تھا تب ٹی آر ایس نے عدالت سے رجو ع ہوکر انہیں حیدرآباد واپس لانے کی اپیل کی تھی کیا وہ بھی غلط تھا ، ٹی آر ایس اس پر وضاحت کریں۔