انتظامات کیلئے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کو ہدایت
حیدرآباد 3 اگست(سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد یہاں پہلی مرتبہ منائے جانے والی یوم آزادی تقاریب کے تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے چیف سکریٹری راجیو شرما کو اس ضمن میں تمام ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری کے علاوہ ڈائرکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلی عہدیداروں سے خواہش کی کہ وہ قلعہ گولکنڈہ پہونچ کروہاں یوم آزادی ہند تقاریب کے انعقاد کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیں۔ قلعہ گولکنڈہ پر منعقد کی جانے والی یوم آزادی تقاریب کے موقع پر تلنگانہ کی تاریخ اور تہذیب کی جھانکیاں پیش کرنے کافیصلہ بھی کیا گیا ۔ چیف منسٹر کے سی آ رنے اس ضمن میں تلنگانہ کے دانشوروں کی تجاویز اور مشوروں کا خیر مقدم کیا ہے ۔ مسٹر چندر شیکھرراؤ کی ہدایت پر چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیہ شرما نے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو یوم آزادی تقاریب کی بڑے پیمانے پر تیاریاں کرنے کی ہدایات دیں ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یوم آزادی تقاریب روایتی لحاظ سے ہر سال پریڈ گراونڈ سکندرآباد پر منعقد کی جاتی تھیں ۔
لیکن اس مرتبہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آنے کے بعد حکومت تلنگانہ نے یوم آزادی تقاریب کے مقام کو تبدیل کر کے ’’قلعہ گولکنڈہ‘‘ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔