کے سی آر عوام کو دھوکہ دینے والے چیف منسٹر

تلنگانہ میں بے روزگاری کو ختم کرنے میں ناکام ، صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا کا بیان
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو عوام کو دھوکہ دینے والا قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ میں بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کر کے اقتدار حاصل ہونے کے ساتھ ہی اپنے ان وعدوں کو مسٹر چندر شیکھر راؤ بھول گئے ۔ لیکن اقتدار حاصل ہونے کے ساتھ ہی اپنے گھر میں چار ملازمتیں فراہم کردئیے ۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا نے یہ بات کہی اور بتایا کہ کالیشورم پراجکٹ کے کاموں کا مشاہدہ کرنے کے لیے تین روزہ دورہ پر روانہ ہونے والے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے فصلوں کے نقصانات سے متاثرہ کسانوں کی سب سے پہلے تکالیف سے واقفیت حاصل کرنے کی پر زور خواہش کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فنڈز ، پانی ، تقررات کے نعرہ پر اقتدار حاصل کرنے والے چیف منسٹر نے کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا ۔ لیکن کم از کم موجودہ حالات میں پریشان کن صورتحال سے دوچار کسانوں کے مسائل کی یکسوئی پر اولین توجہ دینے کا مطالبہ کیا اور فصلوں کے نقصانات سے دوچار کسانوں کو فوری مالی امداد فراہم کرنے کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔ مسٹر ایل رمنا نے تلنگانہ حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حصول علحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد کے دوران مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کئی اعلانات کئے تھے لیکن اب تک کسی ایک اعلان پر بھی مکمل عمل آوری نہیں کرسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ حکومت صرف زبانی جمع خرچ کی باتیں کرتے ہوئے وقت گزاری کررہی ہے ۔ جس کی وجہ سے حکومت کے تعلق سے عوام میں بیزارگی کا اظہار پایا جارہا ہے اور اس طرح عوام ہی آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس زیر قیادت حکومت کو بہتر سبق سکھانے کا تہیہ کرچکے ہیں ۔۔