کے سی آر سے ٹی پولٹیکل اور ٹی ایمپلائز جے اے سی قائدین کی ملاقات

حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری (سیاست نیوز) صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا کہ تلنگانہ بل بہرصورت کل پارلیمنٹ میں منظور ہوجائے گا۔ تلنگانہ پولیٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور تلنگانہ ایمپلائیز جے اے سی کے قائدین کو انہوں نے آج نئی دہلی میں لنچ پر مدعو کیا تھا۔چندر شیکھر راؤ کا یہ بیان سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کرچکا ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس اور جے اے سی قائدین سے کہا کہ منگل کے دن لوک سبھا میں تلنگانہ بل پر مباحث کے بعد اسے منظور کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے قائدین کو بتایا کہ مرکزی حکومت نے حیدرآباد کو پانچ برس تک مرکزی زیر انتظام علاقہ قرار دینے سے متعلق تجویز سے انہیں واقف کرایا ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ حیدرآباد کو مرکزی زیر انتظام علاقہ قبول نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کانگریس میں انضمام کے مسئلہ پر اسی وقت غور کیا جائے گا جب مرکزی حکومت کسی شرط کے بغیر تلنگانہ ریاست تشکیل دے گی۔ کے سی آر نے اس بات کا اشارہ دیا کہ مرکزی حکومت حیدرآباد پر بعض تحدیدات عائد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں۔ چندر شیکھر راؤ کی آج 61 ویں سالگرہ کے موقع پر ٹی آر ایس و جے اے سی قائدین نے انہیں مبارکباد پیش کی ۔ ان کی قیامگاہ پر مبارکباد دینے کیلئے ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی اور قائدین کا ہجوم دیکھا گیا۔ رکن پارلیمنٹ ویویک نے خون کے عطیہ کا کیمپ منعقد کیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ چندر شیکھر راو نے یقین ظاہر کیا کہ پارلیمنٹ کے جاریہ سیشن میں تلنگانہ بل منظور کرلیا جائے گا اور دونوں ایوانوں میں بل کی تائید کے حق میں ارکان کی درکار تعداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جو شروع سے تلنگانہ ریاست کے حق میں ہے، اس نے بعض ترمیمات پیش کی ہیں، جن کا مرکزی حکومت جائزہ لے رہی ہے۔ کے سی آر نے جے اے سی قائدین کو مختلف جماعتوں کی جانب سے تلنگانہ بل کی تائید سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کانگریس کے علاوہ بی جے پی اور دیگر جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کرچکے ہیں اور انہوں نے تلنگانہ بل کی تائید کا یقین دلایا ہے ۔ جے اے سی قائدین نے سیما آندھرا ارکان کی جانب سے بل کی منظوری میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوششوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء نے آج ایوان کے وسط میں پہنچ کر تلنگانہ بل کے خلاف احتجاج منظم کیا۔ تلنگانہ جے اے سی قائدین نے کے سی آر پر زور دیا کہ وہ کانگریس کے ساتھ بی جے پی کی تائید کے حصول کیلئے اپنی مساعی جاری رکھیں۔

پارٹی ذرائع نے مطابق اس اجلاس میں تلنگانہ بل کی منظوری کی صورت میں آئندہ انتخابی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ جے اے سی کے قائدین بی جے پی کی جانب سے بدلتے موقف پر اندیشوں کا شکار ہیں اور وہ جاریہ سیشن میں تلنگانہ بل کی عدم منظوری کی صورت میں دوبارہ ایجی ٹیشن کے آغاز کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
تلنگانہ بل کی منظوری سے قبل ہی تلنگانہ قائدین عہدوں کی دوڑ میں