حیدرآباد۔14مارچ(سیاست نیوز)ٹی آر ایس اقلیتی قائد ابراہیم کو اسمبلی حلقہ محبو ب نگر کے ٹکٹ سے محروم رکھنے کو مستقبل کے تلنگانہ میںمسلمانوں کے ساتھ ناانصافیوں کے خدشات میںاضافہ قراردیتے ہوئے کل ہند مسلم سنگھم کے صدر جناب خالد رسول خان نے صدر ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر رائو کو محبوب نگر کے بشمول تلنگانہ میں مسلمانوں کی اکثریت والے اسمبلی حلقوں سے امیدوار بنانے اور تلنگانہ میںمسلمانوں کو بارہ فیصد تحفظات فراہم کرنے کے اپنے وعدے کو 19مارچ تک عملی جامہ پہنانے کے اعلان کا مطالبہ کیا بصور ت دیگر ٹی آر ایس سربراہ کے چندرشیکھر رائو کے مسلم دشمن چہرے کو بے نقاب کرنے کا انتباہ دیا۔آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر کل ہند مسلم سنگھم جناب خالد رسول خان نے کہاکہ چھ ماہ تک سید ابراہیم کو محبوب نگر کاانچار ج برقرار رکھنے کے بعد اچانک امیدوار کی تبدیلی سے علاقہ تلنگانہ کے مسلمانوں میںٹی آر ایس کے متعلق اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے جس کو دور کرنا اور علاقہ تلنگانہ کے مسلمانوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنا صدر ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھررائو کی ذمہ داری ہے۔میجر قادری نے ٹی آر ایس سربراہ کے چندرشیکھر رائو سے محبوب نگر کے متعلق وضاحت طلب کرتے ہوئے کہاکہ اگر کسی سیاسی وجہہ سے مسلم امیدوار کی تبدیلی لازمی ہوگئی ہے تو ٹی آر ایس سربراہ کو چاہئے کہ وہ تلنگانہ کے مسلمانوں کو سب سے پہلے اعتماد میں لیں اور مسلم دانشوروں سے مشاورت کے بعد اس قسم کے فیصلے کریں تاکہ مسلمانوں میںحق تلفی اور ناانصافی کے بڑھتے خدشات کو دور کیا جاسکے۔ صدر مرکزی کونسل ائمہ مساجد حافظ وقاری محمد علی قادری نے بھی کہاکہ محبو ب نگر کے بعد ٹی آر ایس کے متعلق تلنگانہ کے مسلمانوں کے اندراعتماد کی کمی پیش آئی ہے ۔ جنرل سکریٹری مرکزی کونسل ڈاکٹر مفتی نسیم اشرفی‘ الحاج آصف رضا اشرفی اور ایڈوکیٹ بھاسکر بینی نے بھی اس پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔