کے سی آر سب سے بڑے موقع پرست لیڈر: پونالہ لکشمیا

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل (این ایس ایس) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سربراہ پونالہ لکشمیا نے آج تلنگانہ راشٹریہ سمیتی صدر کے چندر شیکھر راؤ پر شدید تنقید کی اور کہا کہ کانگریس قائدین کے خلاف وہ اشتعال انگیز ریمارک کر رہے ہیں۔ پونالہ نے آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر سرگرم سیاست میں سب سے بڑے موقع پرست لیڈر ہیں۔ مسلمانوں کو خوش کرنے کیلئے وہ قومی سطح پر تیسرے محاذ کی بات کررہے ہیں۔ تاہم عام انتخابات کے بعد کانگریس ٹی آر ایس کے ساتھ اتحاد کی حامی ہوسکتی ہے۔ تاکہ وہ مرکز میں ہونے والے اتحاد کا حصہ ہوسکے۔ کے سی آر نے کانگریس میں اپنی پارٹی کو ضم کرنے کے مسئلہ پر بعد ازاں اپنے موقف سے انحراف کیا۔ وہ تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے دلت لیڈر کو موقع دینے کے وعدہ سے بھی مکر گئے ہیں۔