کے سی آر دھوکہ باز، بے بھروسہ

تلنگانہ میں کانگریس مستحکم، کانگریس رکن راجیہ سبھا رینوکا چودھری کا بیان

حیدرآباد /27 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن راجیہ سبھا رینوکا چودھری نے سنسنی خیز ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے علاوہ کون مرد ہے، جو حلقہ لوک سبھا کھمم سے کانگریس کا ٹکٹ حاصل کرے گا؟‘‘۔ دہلی میں کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ سے ملاقات کے بعد انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ دھوکہ باز اور بے بھروسہ قائد ہیں۔ وہ سیاسی مفاد کے لئے جھوٹ بولتے ہیں، عوام کو دھوکہ دیتے ہیں، وعدہ وفا نہیں کرتے، بلیک میل کرتے ہیں، لہذا تلنگانہ کے عوام کو سربراہ ٹی آر ایس پر بھروسہ نہیں ہے اور عام انتخابات میں عوام انھیں سبق سکھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی مستحکم ہے، جب کہ علحدہ ریاست تشکیل دے کر کانگریس نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے، جس کی وجہ سے تلنگانہ کے عوام کانگریس کو کامیاب بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ ان سے ڈرتے اور گھبراتے ہیں، کیونکہ وہ ان کو منہ توڑ جواب دیتی ہیں۔ حلقہ لوک سبھا کھمم سے ٹکٹ حاصل کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کے علاوہ کسی کو ٹکٹ ملنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ کانگریس پارٹی ان کے نام پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ کانگریس کے انتخابی منشور کو غریب عوام اور سماج کے تمام طبقات کے لئے روشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے 2009ء میں جو منشور جاری کیا تھا، اس میں کئے گئے 90 فیصد وعدوں کو پورا کیا گیا، جب کہ ماباقی 10 فیصد وعدوں کو پورا کرنے کے لئے اپوزیشن جماعتوں نے تعاون نہیں کیا۔