کاچی گوڑہ میں کانگریس کی ریالی ، انجن کمار یادو کو کامیاب بنانے کی اپیل : وجئے شانتی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ کانگریس انتخابی مہم کی صدر نشین وجئے شانتی نے آج حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے مختلف علاقوں میں روڈ شو کا اہتمام کرتے ہوئے دغا باز کے سی آر دھوکہ باز نریندر مودی کو شکست دیتے ہوئے دیانتدار انجن کمار یادو کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ منہاج ہوٹل کاچی گوڑہ سے ریالی کا آغاز ہوا جو مختلف مقامات نمبولی اڈہ ، کمیلہ ، ناگامیا کنٹہ ، باغ لنگم پلی ، چکڑ پلی ، باکارام ، رام نگر ، پہونچکر کر جلسہ عام میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ اس ریالی میں وجئے شانتی نے کانگریس کے امیدوار انجن کمار یادو کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انجن کمار یادو ہمیشہ آپ کے درمیان رہتے ہیں اور مقامی مسائل سے بخوبی واقف ہے ۔ عوام ایسے امیدوار کا انتخاب کریں جو ہمیشہ انہیں دستیاب رہ سکے ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی نے غیر اہم چہروں کو ٹکٹ دیتے ہوئے آپ کے سامنے پیش کیا ہے ۔ جب کہ کانگریس نے ایک شریف ملنسار امیدوار کو آپ کے سامنے کھڑا کیا ہے ۔ ووٹ دینے سے قبل ذرا سونچیں پھر انجن کمار یادو کو ووٹ دیں ۔ وجئے شانتی نے چیف منسٹر کے سی آر کو دغا باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ 5 سال قبل جو وعدے کئے گئے تھے ۔ انہیں پورا نہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ مسلمانوں سے دریافت کیا کہ کیا انہیں 12 فیصد مسلم تحفظات ملے ۔ قبائلی طبقہ سے دریافت کیا کہ کیا انہیں 10 فیصد تحفظات ملے ۔ غریب عوام سے دریافت کیا کہ کیا انہیں ڈبل بیڈ روم مکان ملا ۔ اس طرح انہوں نے عوام سے مختلف سوالات کیے اور کہا کہ جب کچھ نہیں ملا تو ٹی آر ایس کو ووٹ کیوں دیں ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 5 سال قبل چائے والا مودی آج چوکیدار بن گئے ہیں ۔ کارکردگی اور ترقی کی بنیاد پر ووٹ مانگنے کے بجائے فرقہ پرستی کے نام پر پاکستان کا ڈر دکھا کر ووٹ مانگنے کا الزام عائد کیا ۔ وجئے شانتی نے کہا کہ ملک میں آئندہ کانگریس کی حکومت ہوگی اور راہول گاندھی ملک کے وزیراعظم بنیں گے ۔ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے عوام مجاہد تلنگانہ انجن کمار یادو کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی سونیا گاندھی کو تحفے میں پیش کریں ۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی ، صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس کمیٹی انیل کمار یادو ، سابق ڈپٹی مئیر راجکمار ، سابق کارپوریٹر ایس محمد واجد حسین کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔۔