ضلع رنگاریڈی کے ٹی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت ‘ گاندھی بھون میں اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔29جنوری ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے عوامی مسائل کو فراموش کرتے ہوئے عیش و آرام کی زندگی گذارنے کی عادی بن جانے کا کے سی آر خاندان پر الزام عائد کیا ۔ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں مدور کرنے کے ٹی آر کے دعوے بی آر شیٹی کی جانب سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے کے اعلانات کو دھوکہ قرار دیا ۔ ضلع رنگاریڈی کے موضع مال کے ٹی آر ایس سرپنچ محمد جہانگیر نے مختلف کونسلرس اور سینکڑوں ٹی آر ایس کارکنوں کے ساتھ آج گاندھی بھون پہنچ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا صدر کانگریس ضلع سابق مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا صدر کانگریس رنگاریڈی کے ملیش سابق رکن اسمبلی کودنڈا ریڈی صدر مہیلا کانگریس این شاردا کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے ضلع رنگاریڈی کے تمام 12اسمبلی حلقوں پر کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ ٹی آر ایس کا دور حکومت صرف تشہیر پر چل رہا ہے ۔ ڈاؤس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں ریاستی وزیر صنعت کے ٹی آر کو مدعو کرنے اور منفرد اعزاز حاصل ہونے کی جو بھی تشہیر کی جارہی ہے وہ جھوٹی ہے کیونکہ اس اجلاس میں ہر درخواست دینے والے کو مدعو کیا جاتا ہے ۔ کے ٹی آر نے آن لائن درخواست داخل کی اور انہیں مدعو کیا گیا لیکن تلنگانہ میں اس کی جھوٹی تشہیر کی جارہی ہے اور بڑے پیمانے پر خیرمقدم کرنے کا تماشہ کیا جارہا ہے ۔ بی آر شیٹی نامی صنعتکار کی جانب سے تلنگانہ میں 4ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا معاہدہ کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ بی آر شیٹی نے وزیر اعظم کے حلقہ لوک سبھا وارنسی میں 3ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا معاہدہ کیا مگر آج تک وارنسی کو تین روپئے بھی نہیں آئے ۔ آندھراپردیش کے صدر مقام امراوتی میں بھی بڑے پیمانے کی سرمایہ کاری کرنے کی تشہیر کی گئی مگر وہاں پر بھی ایک روپیہ نہیں آیا ‘ کرناٹک میں سابق چیفمنسٹر یدی یورپا کے ساتھ اراضی اسکام میں ملوث رہنے والے بی آر شٹی پر بھروسہ کرنا عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور ان کا خاندان عیش و آرام میں ملوث ہوچکا ہے ۔ کے سی آر 500کروڑ روپئے کے محل میں آرام کررہے ہیں ‘ کے ٹی آر سوٹ بوٹ میں جاپان ‘ کوریا کے علاوہ دوسرے مقامات کا دورہ کرتے ہوئے سیر و تفریح کررہے ہیں ‘ کانگریس کے دور حکومت میں ضلع رنگاریڈی میں آئی ٹی آئی آر منظور کیا گیا ۔ تمام منظوریاں حاصل کرنے پر تقریباً 2.50کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے ساتھ 50لاکھ ملازمتیں حاصل ہونے کے امکانات تھے ‘ ماضی میں دو مرتبہ گورنر کے خطبہ سے آئی ٹی آئی آر کا افتتاح کرنے کا وعدہ کیا گیا جس پر کوئی عمل آوری نہیں ہوئی ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہوئی ۔ ملازمتیں نہیں ملی اور نہ ہی صنعتیں قائم ہورہی ہیں صرف کے سی آر اور کے ٹی آر کی تشہیر ہورہی ہے ۔