کے سی آر حکومت کا خاتمہ ہمارامقصد : کودنڈارام

حیدرآباد یکم اکتوبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں چندر شیکھر راؤ کی آمرانہ حکومت کا خاتمہ کرنے کیلئے ہی عظیم اتحاد میں تفصیلی غور و خوص کیا گیا کیونکہ کانگریس ، تلگودیشم ، تلنگانہ جنا سمیتی اور سی پی آئی پر مشتمل عظیم اتحاد کی تشکیل کا مقصد تلنگانہ سے ٹی آر ایس حکومت کو برخواست کرنا ہے ۔ پروفیسر ایم ۔ کودنڈا رام صدر تلنگانہ جنا سمیتی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ عظیم اتحاد میں نشستوں کی تقسیم پر بات چیت نہیں کی گئی اور کس پارٹی کو کتنی نشستیں فراہم کرنے سے متعلق بھی غور و خوص نہیں کیاگیا ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے بی جے پی سے انتخابی مفاہمت سے متعلق بعض اطلاعات کو غلط و گمراہ کن قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ جنا سمیتی کا بی جے پی کے ساتھ کسی نوعیت کی انتخابی مفاہمت کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا ۔ انھوں نے بتایا کہ عظیم اتحاد کی متعدد نشستوں کا سلسلہ جاری رہیگا تاکہ مختلف موضوعات پر تفصیلی مباحث کئے جاسکیں۔