کے سی آر حکومت اقلیتی طبقات کی بہبود میں بری طرح ناکام

رقومات کی اجرائی میں حکومت کی کوتاہی ، جناب عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔27ستمبر(سیاست نیوز)سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کے اقلیتی طبقات کی فلاح وبہبود میںحکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ اقلیتوں کے نام پر بڑی رقم پر مشتمل بجٹ کا اعلان تو کیاگیا مگر پیسوں کی اجرائی میںحکومت کی کوتاہی اقلیتی طبقات کو انصاف سے محروم کرنے کا سبب بن رہا ہے۔جناب سیدعزیز پاشاہ نے مزیدکہاکہ اوقافی جائیدادوں کی بازیابی او رحفاظت کا مسئلہ ہو یاپھر اقلیتی طلبہ کی اسکالر شپ کے معاملے حکومت تلنگانہ بالخصوص اقلیتی بہبود کے ادارے تمام محاذوں پر اقلیتی طبقات کی فلاح وبہبود میںناکام دکھائی دے رہی ہیں ۔ وہ آج یہاں حمایت نگر میں اے آئی پی ایس اودفتر میںانصاف کی ریاستی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ اسٹیٹ سکریٹری انصاف منیر پٹیل کے علاوہ سلیم خان‘ شیخ ندیم ‘ خواجہ پاشاہ اور شیخ شمس الدین احمد بھی شہہ نشین پر موجود تھے۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے اقلیتی اسکیمات کے کامیابی کیساتھ نفاذ میں سب سے بڑی رکاوٹ متعلقہ محکموں میں عملے کی نمایاں کمی ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ اقلیتی بہبود کے ایک ڈسٹرکٹ ویلفیر افیسر پر ایک سے زائد اضلاع کی ذمہ داریاں عائد کی گئی ہے جبکہ مذکورہ عہدیدار دفتر اور انفرسٹکچر سے بھی محروم ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کو چاہئے کہ وہ سب سے پہلے محکمہ اقلیتی بہبود کے اداروں میں درکار عملے کے تقررات کو یقینی بنانے کاکام کریں۔انہوں نے کہاکہ اقلیتی اقامتی اسکولس کے قیام کا بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیںمگر اس کی کارکردگی کے متعلق متعلقہ عہدیدار بھی دعوے کے ساتھ کوئی بات نہیںبتاسکتے ۔جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ انصاف آنے والے دنوں میں اقلیتی بہبود کے اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ایک حکمت عملی تیار کریگی جس کی مناسبت سے احتجاج کو بھی قطعیت دی جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ اقلیتی بجٹ رقم کی اجرائی اور خرچ کے متعلق ایک وائٹ پیپر جاری کرے۔