کے سی آر تلنگانہ کی ترقی کیلئے سنجیدہ نہیں: سدھاکر ریڈی

حیدرآباد۔/2ڈسمبر، ( آئی این این ) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل پی سدھاکر ریڈی نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست تلنگانہ کی ترقی کے سلسلہ میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی آفس پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر بنگارو تلنگانہ پرائیویٹ لمیٹیڈ چلارہے ہیں اور صرف کنٹراکٹرس اور بلڈرس کو فائدہ پہنچارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے رئیل اسٹیٹ تاجرین کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔
جس کی وجہ سے یہ لوگ اجازت کے بغیر من مانی طریقہ سے تعمیرات انجام دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر آندھرا کے کنٹراکٹرس کو اولین ترجیح دیتے ہوئے انہیں فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ آندھرائی کنٹراکٹرس کو واٹر گرڈس کے کام تفویض کیا گیا جس کی لاگت 25900 کروڑ روپئے ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ کھمم کے 12منڈلوں کو انہوں نے خشک سالی سے متاثرہ منڈلس میں شامل نہیں کیا جس کی وجہ سے کھمم کے کسانوں کو 2.5لاکھ ایکڑ پر پھیلی ہوئی فصلوں کا نقصان  اٹھانا پڑا۔