حیدرآباد ۔ /3 نومبر (سیاست نیوز) سینئر قائد تلگودیشم مسٹر ٹی دیویندر گوڑ نے نگرانکار چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ پر چار سال میں بہتر حکمرانی فراہم کرنے میں ناکام رہنے کا الزام عائد کیا ۔ دیویندر گوڑ نے کے سی آر کے نام ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام کیلئے ماحول سازگار پائے جانے ، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور یہ صلاحیت نوجوانوں کی موجودگی ، دستیابی کے باوجود سرمایہ کاری کے حصول میں حکومت ناکام رہی اور سنہرے تلنگانہ (بنگارو تلنگانہ) کے نام پر غیر اخلاقی و غیر قانونی اقدامات ہی کئے جاتے رہے ۔ انہوں نے آبپاشی پراجکٹس کی ری ڈیزائننگ کے نام پر عوامی سرمایہ کا تغلب و تصرف کرنے کا الزام عائد کیا اور کم از کم اب سیاسی زندگی سے سبکدوش ہونے کا چندر شیکھر راؤ کو مشورہ دیا ۔ تاکہ ریاست تلنگانہ میں ایک اور جدوجہد شروع ہونے سے روکا جاسکے ۔ مسٹر دیویندر گوڑ نے مکتوب میں چندر شیکھر راؤ کی صحت کی برقراری کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔