مجلس اور بی جے پی فرقہ پرست جماعتیں، ملوبٹی وکرامارک کانگریس قائد کا بیان
حیدرآباد ۔ 2 جنوری (سیاست نیوز) ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملوبٹی وکرامارک نے مجلس اور بی جے پی کو فرقہ پرست جماعت قرار دیتے ہوئے کے سی آر بھگاؤ حیدرآباد بچاؤ کا نعرہ دیا۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر ترجمان کملاکر راؤ اور جی نرنجن بھی موجود تھے۔ مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ شہر حیدرآباد کو ترقی دینے کا اعزاز کانگریس کو ہے۔ کانگریس کے ترقیاتی و تعمیری اقدامات کے سامنے تصاویر کھینچاتے ہوئے ٹی آر ایس یہ تاثر دینے کی کوشش کررہی ہے۔ یہ ٹی آر ایس کے اقدامات ہیں تاج محل کے سامنے ٹھہر کر تصویر لینے سے تاج محل تصویر اترنے والے کا نہیں ہوجاتا۔ ٹی آر ایس کو ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق ہی نہیں ہے۔ کانگریس نے اپنے 10 سالہ دورحکومت میں گریٹر حیدرآباد کی ترقی پر ایک لاکھ کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔ عام انتخابات میں سیما آندھرا والوں کیلئے جاگو بھاگو کا نعرہ دینے والی ٹی آر ایس آج سٹیلری پر مگرمچھ کے آنسو بہارہی ہے۔ مجلس شہر ہمارا میئر ہمارا کا نعرہ دے رہی ہے۔ بی جے پی مانگرم مامیئر کا نعرہ دے رہی ہے۔ کانگریس پارٹی کے سی آر بھگاؤ حیدرآباد بچاؤ کا نعرہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں جماعتیں صرف اپنے اپنے ووٹ بینک مضبوط کرنے کیلئے فرقہ پرست جذبات بھڑکاتے ہوئے سیکولرازم کی فضاء کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور عوام کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کررہے ہیں۔ اگر غلطی سے بھی ان دو جماعتوں کو کامیاب بنایا گیا تو شہر کی ترقی رک جائے گی پرانا شہر اس کی زندہ مثال ہے۔