کے سی آر اکثریتی طبقہ کے جذبات مجروح کررہے ہیں سینئیر بی جے پی قائد اندر سین ریڈی کا الزام

حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بی جے پی کے سینئیر قائد اور سابق رکن اسمبلی این اندر سین ریڈی نے آج کے سی آر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوؤں کو برا کہہ رہے ہیں اور ایم آئی ایم کے ساتھ اتحاد کے بعد جئے چند جیسا رویہ اختیار کررہے ہیں جس نے پرتھوی راج چوہان سے دغا کیا تھا ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے اندرسین ریڈی نے الزام عائد کیا کہ وہ ایسے پارٹی قائدین کے ساتھ اتحاد کررہے ہیں جو کھلے طور پر یہ کہتے ہیں کہ وہ وندے ماترم یا بھارت ماتا کی جئے نہیں کہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کے سی آر کو ایک اچھا سبق سکھائیں گے ۔ اندر سین ریڈی نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں لوک سبھا نشستوں کی اچھی تعداد پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کے سی آر پر نظام آباد کے جلسہ میں ہندوتوا مسئلہ کو اٹھانے پر تنقید کی ۔ انہوں نے چیف منسٹر کی جانب سے بی جے پی کو فرقہ پرست پارٹی قرار دینے پر بھی سخت اعتراض کیا ۔ اندر سین ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر اقلیتوں کو خوش کرنے کے انداز کو اپناتے ہوئے اکثریتی طبقہ کے جذبات کو مجروح کررہے ہیں ۔۔