حیدرآباد۔15ستمبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے آندھراپردیش میں ہم منصب این چندرا بابو نائیڈو کو آج دونوں ریاستوں کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے شباشی حاصل ہوئی ۔ مسٹر نرسمہن نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دونوں ریاستوں میں حکمرانی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔گورنر نے اس احساس کا اظہار کیا کہ دونوں چیف منسٹرس بہتر نظریات اور ایک اچھے ویژن کے ساتھ کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے اس تاثر کا اظہار بھی کیا کہ حیدرآباد میں رہنے والوں میں کسی قسم کا احساس عدم تحفظ نہیں ہے۔ گورنر نے دعویٰ کیا کہ حیدرآباد میں رہنے والے سیما آندھرا کے عوام خود کو غیر محفوظ محسوس نہیں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کی دفعات 9اور 10کے بارے میں کوئی تنازعہ نہیں ہے ۔